اسلام آباد:ملک بھر میں آج یوم پاکستان کے 85 برس مکمل ہونے کا دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ رمضان المبارک کی وجہ سے 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریبات کو محدود پیمانے پر روایتی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، جس میں لاہور میں 21 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں پاک فوج کے چاک و چوبند جوانوں نے توپوں کی سلامی دی۔ اس موقع پر جوانوں نے نعرہ تکبیر “اللہ اکبر” اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے، جس سے فضا قومی جذبات سے گونج اٹھی۔یوم پاکستان کے موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ نماز فجر کے بعد مختلف مساجد میں علمائے کرام اور نمازیوں نے ملک کی سربلندی اور سلامتی کے لیے دعائیں مانگیں۔رواں سال یوم پاکستان کی مرکزی تقریب روایتی پریڈ کو محدود پیمانے پر ایوان صدر کے احاطے میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے دستے بھرپور شرکت کریں گے۔










