کابل: طالبان نے اقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں سے بات چیت کے لیے اپنا سفیرمقررکرنے کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔اقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں سے رابطے کے لیے طالبان نے دوحہ میں مقیم اپنے ترجمان سہیل شاہین کوسفیرمقررکرنے کے خواہش کا اظہارکیا ہے۔ اس سلسلے میں افغان طالبان کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کوخط بھی لکھا گیا ہے جس کی تصدیق سیکرٹری جنرل کے دفترنے بھی کردی ہے کہ طالبان نے اعلی سطح کی بحث میں حصہ لینے کی گزارش کی ہے۔دوسری جانب افغان طالبان کی اس خواہش کے بعد اقوام متحدہ میں پہلے سے موجود افغان سفیرغلام اسحاق زئی کو پیچیدہ صورتحال کا سامنا ہے۔ انتونیو گوتیریس کے ترجمان کے مطابق اسحاق زئی اب افغانستان کی نمائندگی نہیں کریں گے۔ غلام اسحاق زئی معزول کی گئی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کے سفیر مقررکیے گئے تھے۔ترجمان سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ میں افغانستان کی نشست کے لیے حریف درخواست 9 رکنی کمیٹی کو بھیجی دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں امریکا، چین اور روس جیسے ممالک شامل ہیں۔ترجمان سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں طالبان کے سفیر کی قبولیت اس گروپ کی بین الاقوامی پہچان کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا جو معاشی طوربھی بہتری کا سبب ہوگا۔ اوراسی طرح ہی دنیا کے دیگر ممالک بھی افغانستان میں جامع حکومت اور خواتین سمیت شہریوں کے حقوق کے احترام کے لیے دباؤ ڈال سکتے ہیں۔
Latest Posts